بالی ووڈ کے سینئر اداکار راجیش شرما کی طبیعت اس وقت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، انہیں جنوبی بھارتی سپر اسٹار پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، جس کے بعد انہیں کولکتہ کے ڈھاکوریا منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہلِ خانہ کی جانب سے جاری پریس بیان سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ بیان کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد راجیش شرما فلم کے تکنیکی عملے کے ساتھ جھاڑیوں کے قریب موجود تھے، جہاں انہیں طور پر کسی زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا۔ ابتدا میں انہوں نے اسے معمولی واقعہ سمجھتے ہوئے طبی امداد حاصل نہیں کی۔
تاہم تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا۔ اس کے باوجود وہ کولکتہ جانے والی پرواز میں سوار ہوگئے، لیکن سفر کے دوران انہیں تیز بخار ہوگیا اور طبیعت مزید بگڑنے پر پہنچتے ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
راجیش شرما کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اوینیو بھٹاچاریہ کے مطابق زہریلے انفیکشن نے پیر کی انگلیوں سے گھٹنے تک ٹانگ کو متاثر کیا ہے، جبکہ متاثرہ حصے پر بڑے بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اداکار کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر انفیکشن کے باعث خون کا لوتھڑا بن کر پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو صورتحال جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ راجیش شرما کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور وہ تاحال مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں آئے۔