پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد انہیں دوسری شادی کے لیے کئی اچھے رشتے ملے، تاہم انہوں نے ایسے تمام رشتے مسترد کر دیے جن میں ان کی بیٹی کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی گئی۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی نے بتایا کہ سابق شوہر فواد فاروق سے علیحدگی کے بعد انہوں نے نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دوران متعدد شادی کی پیشکشیں آئیں، یہاں تک کہ ایک موقع پر ان کی منگنی بھی طے پا گئی، مگر بعد میں انہیں محسوس ہوا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے مناسب نہیں۔
اداکارہ کے مطابق اکثر رشتوں میں یہ شرط رکھی جاتی تھی کہ شادی کے بعد ان کی بیٹی فرال اپنے والد کے ساتھ رہے، کیونکہ اس کی ذمہ داری والد پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت اپنی بیٹی سے جدا ہونے پر آمادہ نہیں تھیں۔
فضا علی نے کہا، ’’جو شخص میری بیٹی کو قبول نہیں کر سکتا، میں بھی اس کے ساتھ رشتہ قبول نہیں کر سکتی۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ شوہر اعجاز سے رشتہ طے ہونے سے قبل انہوں نے اپنی سابق شادی، منگنی اور ماضی کی تمام اہم باتیں کھل کر بتا دی تھیں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔
اپنے سابق شوہر سے تعلقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فضا علی کا کہنا تھا کہ طلاق صرف میاں بیوی کے درمیان ہوتی ہے، والدین اور بچوں کے رشتے پر اس کا اثر نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو اس کے والد کی دوسری شادی میں شرکت کے لیے خود آمادہ کیا اور سابق شوہر کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارک باد بھی دی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے اور ان کے سابق شوہر نے ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی کہ ان کی بیٹی والدین کے اختلافات یا کسی ذہنی دباؤ کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے موجودہ شوہر بھی ایک ذمہ دار والد ہیں اور بچوں کی موجودگی میں والدین کو اپنی ذمہ داریاں ہر حال میں نبھانا چاہیے۔