سوزوکی پاکستان نے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے اشتراک سے نیا ایکسچینج پروگرام متعارف کروا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کے لیے نئی آلٹو ماڈل پر اپ گریڈ کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔
اس آفر کے تحت کار مالکان اپنی موجودہ گاڑیاں ٹریڈ اِن کر کے نئی سوزوکی آلٹو فنانس کر سکتے ہیں، جس پر 9.99 فیصد مارک اپ ریٹ لاگو ہوگا۔ اس اسکیم کے تحت صارفین اپنی پرانی گاڑی کی ٹریڈ اِن ویلیو کے مطابق کم از کم 18,999 روپے ماہانہ ادائیگی کر کے نئی گاڑی اپنے گھر لے جا سکتے ہیں۔
شرائط کے مطابق قسطوں کا منصوبہ 21 لاکھ روپے کی پرانی گاڑی کی مفروضہ ویلیو پر مبنی ہے، جبکہ باقی رقم ایچ بی ایل کے ذریعے فنانس کی جائے گی۔ یہ پروگرام سوزوکی کی جانب سے آلٹو کی فروخت بڑھانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جو پاکستان کی مقبول ترین کومپیکٹ کاروں میں شمار ہوتی ہے، اور اس کا مقصد صارفین کو آسان ادائیگی کے طریقے فراہم کرنا ہے۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی اگست 2025 کی رپورٹ کے مطابق سوزوکی کی تین اہم ہیچ بیک گاڑیاں — آلٹو، کلٹس اور سوئفٹ — نے ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جس سے پاکستان کے اسمال کار سیگمنٹ میں کمپنی کی مضبوط پوزیشن کی عکاسی ہوتی ہے۔
سوزوکی آلٹو بدستور ملک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے، اگست میں اس کی 4,193 یونٹس فروخت ہوئیں۔ یہ تعداد اگست 2024 کی 2,023 یونٹس کے مقابلے میں 107 فیصد سالانہ اضافہ جبکہ جولائی 2025 کی 2,327 یونٹس کے مقابلے میں 80 فیصد ماہانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔