ٹی20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور ہائی وولٹیج مقابلہ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔ گروپ مرحلے میں بھارت سے 7 وکٹوں سے شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم اس بار نئے جوش، نئی حکمت عملی اور کچھ اہم تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ٹیم میں 2 کھلاڑی شامل نہیں، ممکنہ الیون کا اعلان
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بھارت کے خلاف گروپ میچ میں کھیلنے والے حسن نواز اور سفیان مقیم کو سپر فور مرحلے کے لیے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے خوشدل شاہ کو فہیم اشرف کی جگہ یو اے ای کے خلاف شامل کیا تھا، تاہم ان کی حتمی الیون میں شمولیت کا امکان کم ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ پاکستان اس بار بھارت کو فاسٹ بولنگ کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوشش کرے گا۔
ممکنہ پلیئنگ الیون صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا (کپتان)، محمد نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد شامل ہیں۔
نئی حکمت عملی، اسپن کے بجائے فاسٹ بولنگ پر انحصار
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے اس بار بھارت کے خلاف اسپن کے بجائے فاسٹ بولنگ پر انحصار کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ ٹیم نے ہفتے کو آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں 3 گھنٹے کی سخت پریکٹس کی، جس میں بولرز کو خاص طور پر بھارتی بلے بازوں کو قابو میں لانے کی ٹریننگ دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی کی کھلاڑیوں سے ملاقات
میچ سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
ہینڈ شیک تنازع اور بھارتی کپتان کا بیان
گروپ میچ کے بعد پیدا ہونے والے ہینڈ شیک تنازع اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث آج کے میچ کی حساسیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے
آج کے میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی نگرانی میں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایشیا کپ کے اہم ترین مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔