پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک اور ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
مینوفیکچررز نے اعلان کیا ہے کہ گھی اور آئل کی قیمت میں فی کلو 12 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 16 کلو گھی کا تھیلا 8,550 روپے میں دستیاب ہے، یعنی فی کلو گھی کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح 5 کلو پیک کوکنگ آئل کی قیمت 2,800 روپے سے بڑھ کر 2,850 روپے ہوگئی ہے، یعنی فی پیک 70 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں گھی فی کلو 535 روپے جبکہ کوکنگ آئل فی کلو 572 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ڈیلرز کے مطابق مختلف برانڈز کے آئل اور گھی کی قیمتوں میں فی لیٹر یا فی کلو 10 سے 15 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
اس اضافے سے ملک کے بڑے برانڈز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر کنگ آئل کا 10 لیٹر کین اب 6,400 روپے کا ہو گیا ہے، جبکہ دیگر برانڈز کے 5 لیٹر اور فی کلو پیکٹس کی قیمتیں بھی نمایاں حد تک بڑھ چکی ہیں۔