ٹی20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اتوار کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے اور بنگلادیش کو 136 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بنگلادیش کی بیٹنگ لائن ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف حاصل نہ کرسکی۔
بنگلادیش کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گری، پرویز حسین ایمون بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ 23 رنز پر گری جب توحید ہریدوئے صرف 5 رنز بنا سکے۔ سیف حسن 18 رنز بناکر تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔
مہدی حسن 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور 44 تھا۔ نور الحسن 16 رنز پر پویلین لوٹ گئے اور مجموعی اسکور 63 ہوگیا۔ ذاکر علی 5 رنز بنا سکے، جبکہ شمیم حسین نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے مگر وہ بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بنگلادیش نے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جو درست فیصلہ ثابت ہوا۔ پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز بری طرح ناکام رہے۔
صاحبزادہ فرحان 4 رنز پر آؤٹ ہوئے تو اگلے ہی اوور میں صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے کیچ دے بیٹھے۔ فخر زمان 13 رنز بناکر 29 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت 7 رنز اور کپتان سلمان آغا 19 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ایک چھکا لگایا لیکن وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔ محمد حارث نے 31 اور محمد نواز نے 25 رنز بنائے۔ یوں پاکستان کی ٹیم 20 اوورز میں 135 رنز بنا سکی۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہدی حسن اور رشاد حسین نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ مستفیض الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اب پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا، جو ’’ڈو اور ڈائی‘‘ مقابلہ ہوگا۔