دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلادیش کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں، جبکہ کپتان لٹن داس انجری کے باعث شامل نہ ہوسکے اور ان کی جگہ جاکر علی نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی۔
بھارت کی اننگز
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ ابھیشیک شرما نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ شبمن گل نے 29، شیوم دوبے نے 2، کپتان سوریا کمار یادیو اور تلک ورما نے 5،5 اور ہاردک پانڈیا نے 38 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹرز جم کر نہ کھیل سکے۔ سیف حسن 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پرویز حسین نے 21 رنز اسکور کیے۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمراہ اور وراون چکرورتی نے 2،2 وکٹیں لیں۔
اس کامیابی کے ساتھ بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جبکہ سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ بھارت اپنا سپر فور مرحلے کا آخری میچ جمعہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جمعرات کو کھیلا جانے والا میچ ورچوئل سیمی فائنل کی صورت اختیار کر گیا ہے، جس کی فاتح ٹیم بھارت کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائے گی۔