حج کے لیے رجسٹرڈ مگر کسی مجبوری کے باعث نہ جاسکنے والے عازمین کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے نئی پالیسی جاری کردی ہے جس کے مطابق اگر کوئی رجسٹرڈ حاجی بیماری یا وفات کی وجہ سے حج پر نہ جاسکے تو اس کا کوئی قریبی رشتہ دار حج کے لیے اہل ہوگا۔
دستاویز کے مطابق اگر کوئی شخص کسی بھی مجبوری کے باعث حج پر نہ جاسکے تو وہ کسی دوسرے فرد کو نامزد کرنے کا اختیار رکھتا ہے، یا چاہے تو اپنی جمع شدہ رقم واپس بھی لے سکتا ہے۔ تاہم رقم واپسی یا متبادل شخص کو حج پر بھیجنے کے لیے مستند وجہ دینا ضروری ہوگی، جبکہ بیماری یا انتقال کی صورت میں دستاویزی ثبوت لازمی فراہم کرنا ہوگا۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے عازمین کو وجہ درج کرکے اسٹامپ پیپر جمع کرانا ہوگا، جبکہ درخواست کے ساتھ بینک رسید اور شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کرنا بھی لازمی ہوگا۔