ایشیا میں کرکٹ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ کون پلٹے گا بازی ، پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں ایک بار پھر ٹکرائیں گے۔
پاک بھارت فائنل میچ (کل) اتوار کے روز کھیلا جائیگا، پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، شائقین کرکٹ قومی ٹیم کی فائنل میں جیت کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔
کشیدگی کے ماحول کے باوجود دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین بڑے مقابلے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں اور بڑی تعداد میں ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایشیا کپ 2025 پاک بھارت فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچنے کا خدشہ ہے جہاں بھارتی باؤلنگ کوچ نے ہاردک پانڈیا اورابھیشیک شرما کی فٹنس پرخدشات ظاہرکردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا انعقاد ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور پاکستان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور اس کا اثر کرکٹ میدان میں بھی دیکھنے کو ملا ہے، دونوں ٹیموں کے ابتدائی دو میچوں میں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔
تنازعات کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ دیں کی تلقین کی ہے۔
ٹی 20 ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونیوالا آخری میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابر ہوگیا تھا تاہم سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کو بآسانی شکست دیدی تھی۔
سپر اوور میں بھارت نے سری لنکا کی جانب سے ملنے والا 3 رنز کا ہدف پہلی ہی گیند پر حاصل کرلیا تھا۔
سری لنکا کی ٹیم نے 203 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 202 رنز بنا کر میچ برابر کیا، سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا 107رنز کی شاندار باری کھیل کر نمایاں رہے تھے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
1984 سے اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اور کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچے تھے تاہم شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو مدمقابل دیکھیں گے۔