ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کے مدمقابل آنے سے قبل بھارتی میڈیا اپنی ٹیم پر تحفظات کا اظہار کرنے لگا۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا کے خلاف سپر اوور میں جیت کے بعد بھارتی میڈیا کو ٹیم کی فکر ستانے لگی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے 202 رنز کے جواب میں سری لنکا کا بھی 202 رنز بنانا بھارتی ٹیم کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے ، سری لنکا ایک موقع پر جیت چکا تھا یہ سب کو تسلیم کرنا ہوگا۔
بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف فائنل میچ سے متعلق کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف فائنل میں تگڑا ہو کر کھیلنا پڑے گا اور 14 اور 21 ستمبر والا میچ بھلا کر کھیلنا ہوگا کیونکہ 28 ستمبر والا میچ الگ ہوگا کیونکہ فائنل پاکستان سے ہے۔
بھارتی میڈیا نے کل کے میچ سے متعلق بھارتی ٹیم کو ماضی بھی یاد دلایا کہ 2017 چیمپئنز ٹرافی والی غلطی نہیں دہرانا ہوگی، تب گروپ میچ میں یک طرفہ ہرایا اور فائنل میں مقابلہ ہوا تو اسے آسان لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے، بھارتی ٹیم کو جیت سے بھی سیکھنا ہوگا غلطی نہیں کرنی ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ سونے پر سہاگہ یہ ہوا کہ فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچنے کا خدشہ ہے جہاں بھارتی باؤلنگ کوچ نے ہاردک پانڈیا اورابھیشیک شرما کی فٹنس پرخدشات ظاہرکردیئے ہیں۔
بھارتی بولر ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف پہلا اوور کرانے کے بعد ہیمسٹرنگ کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور پھر پورے میچ میں واپس نہیں آئے جبکہ ابھیشک شرما بھی سری لنکا کے خلاف میچ میں کافی وقت میدان سے باہر رہے تھے۔
بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ہاردک پانڈیا اور ابھیشیک شرما کی انجری کا جائزہ آج رات اور کل صبح لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
1984 سے اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اور کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچے تھے تاہم شائقین کرکٹ کل 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو مدمقابل دیکھیں گے۔