پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ فائنل کی میچ فیس 7 مئی کی شب بھارتی حملے میں شہید ہونیوالے معصوم شہریوں کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ پاکستان ٹیم فائنل کی میچ فیس 7 مئی کو بھارتی حملے میں شہید ہونے والی معصوم شہریوں کے نام کرتی ہے۔
The Pakistan Cricket Team has dedicated its Asia Cup final match fees to the innocent victims martyred in the May 7 attack, in which civilians, including children, lost their lives. Our thoughts and prayers are with their families.
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایکس پر اس حوالے سے پوسٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے ایشیا کپ کے فائنل میچ کی فیس 7 مئی کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم متاثرین کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے ، جس میں عام شہریوں سمیت بچے بھی جاں بحق ہوئے تھے ، ہماری دلی دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی حکومت کے ایما پر پورے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوران کھیل کو سیاست زدہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
بھارتی کپتان نے ایونٹ کے پہلے پاک بھارت میں میچ میں کپتان سلمان علی آغا اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحے سے انکار کیا، میچ کے خاتمے پر کوچ اور کپتان بھارتی ڈریسنگ روم کی طرف گئے تو کمرے کا دروازہ بند کردیا گیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم سیاست سے باز نہیں آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، بعد ازاں بھارتی ٹیم ٹرافی لیے بغیر ہی اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے رواں برس 7 مئی میں پاکستان پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں متعدد پاکستانی شہید اور زخمی ہوئے تھے تاہم پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ناصرف دشمن کے 7 طیارے گرائے بلکہ متعدد ائیر بیسز کو بھی تباہ کیا۔
پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد بھارت کی جانب سے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی گئی جس کے بعد دونوں ممالک میں سیز فائر ممکن ہوئی اور امریکی صدر کی 30 سے زائد مرتبہ برملا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں کئی طیارے تباہ ہوئےا ور میں نے دوایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی کروائی۔