وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بس اب بہت ہو گیا، دہشت گردی کا سر کچلنا پڑے گا۔ کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر روز دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ان دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کو پناہ دینے والے سہولت کار بھی برابر کے مجرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوارج ہمسایہ ملک سے آ کر پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہیں جبکہ دوست نما دشمن اسی ملک کے خلاف لڑ رہے ہیں جس نے انہیں پناہ دی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ان کی ملاقات شہداء کے والدین، بھائیوں اور بہنوں سے ہوئی جنہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹے نے ملک کے لیے جان دی، ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ اس نے وطن کی خاطر جان قربان کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء پاکستان کی عزت، وقار اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کے خون نے یہ لکیر کھینچ دی ہے کہ پاکستان کے ساتھ لڑنا ہے اور اسے بچانے کے لیے لڑنا ہے، اب اس لکیر کو کوئی پامال نہیں کر سکتا اور نہ ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سپہ سالار کی سوچ اور عزم جوان ہے اور پوری قوم ہمیشہ کے لیے خوارج کے خاتمے کے لیے یکسو ہے۔