اداکارہ نوال سعید نے حال ہی میں ساتھی اداکارہ اشنا شاہ کے شو میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور مستقبل کے شریکِ حیات کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ گفتگو کے دوران نوال سعید نے بتایا کہ وہ اس وقت سنگل ہیں اور ان کے نزدیک شادی کے لیے مثالی شخص وہ ہے جس کا مزاج سادہ ہو اور جو احترام و برداشت کو ترجیح دیتا ہو۔
نوال نے واضح کیا کہ وہ کسی دولت مند یا بہت زیادہ مشہور شخصیت سے شادی کرنے کی خواہش نہیں رکھتیں، بلکہ وہ ایک بردبار، باادب، مہربان اور نرم دل انسان کی تلاش میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا شوہر وہ ہوتا ہے جس کے ساتھ زندگی گزارنا آسان ہو، جو دکھاوے سے دور ہو اور رشتے میں باہمی احترام کو مقدم رکھے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں کسی ’ٹف گائے‘ کی تلاش نہیں، بلکہ وہ ایک ایسے شخص کی خواہش مند ہیں جو ’گرین فلیگ‘ یعنی مثبت سوچ اور متوازن شخصیت کا مالک ہو۔ نوال کے مطابق ایک پُرسکون رشتہ اسی وقت ممکن ہے جب دونوں فریقین ایک دوسرے کو سمجھیں اور ایک دوسرے کی قدر کریں۔
مزید بات کرتے ہوئے نوال سعید نے کہا کہ وہ شادی کے حق میں ہیں لیکن اس معاملے میں جلدبازی نہیں کر رہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ زندگی کے اس اہم فیصلے کے لیے صحیح وقت اور صحیح شخص کا انتخاب سب سے زیادہ ضروری ہے۔
نوال سعید کے ان خیالات کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ ان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ نوال نے ایک حقیقت پسندانہ اور مثبت سوچ کا اظہار کیا ہے، اور اب سب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ وہ کب اپنے شریکِ حیات کے انتخاب کا اعلان کریں گی۔