نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں 200 جونیئر ایگزیکٹیوز (ڈیٹا انٹری آپریٹرز) کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بھرتی کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور نادرا کی خدمات کو مزید فعال بنانا ہے۔ اس سلسلے میں واک اِن انٹرویوز کا آغاز 3 نومبر 2025 سے کیا جائے گا۔
نادرا کی جانب سے طے کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کی کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ ایف اے، ایف ایس ای، یا مساوی ہونی چاہیے۔ امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال مقرر کی گئی ہے۔ ڈیٹا انٹری اور کمپیوٹر کے بنیادی علم کے حامل امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:نادرا کاایک اور اہم اقدام: شہریوں کو گھر بیٹھے شکایات کے فوری ازالے کی سہولت
علاقائی دفاتر کے قیام کا عمل جاری
نادرا ترجمان کے مطابق، مختلف اضلاع میں نئے علاقائی دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں، جن کے لیے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے۔ ان دفاتر کے قیام سے مقامی شہریوں کو نادرا کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی اور طویل سفر کی زحمت سے بچا جا سکے گا۔
حکومتی پالیسی کا تسلسل
ترجمان نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ یہ بھرتی نیشنل بایومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے، جسے یکم جنوری 2025 کو وزیراعظم شہباز شریف نے منظور کیا تھا۔ اس پالیسی کا مقصد ملک بھر میں شناختی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کے ڈیٹا کو محفوظ اور قابل رسائی بنانا ہے۔
امیدواروں کے لیے ہدایات
امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ انٹرویو کے دن اپنے ہمراہ اصل تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ اور دو پاسپورٹ سائز تصاویر ضرور لائیں۔ انٹرویو کے مقامات، اوقات اور دیگر تفصیلات نادرا کی آفیشل ویب سائٹ اور مقامی اخبارات میں جلد شائع کی جائیں گی۔
یہ اقدام نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ نادرا کے نظام کو مقامی سطح پر مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید معلومات کے لیے نادرا کی ویب سائٹ وزٹ کریں یا یا قریبی نادرا ریجنل آفس سے رابطہ کریں۔