پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کے تحت تکنیکی سطح کے مذاکرات اتوار، 21 جون کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات میں امریکا اور ایران کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان اور قطر کے ثالث بھی شریک ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات رواں ہفتے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کا حصہ ہیں۔ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری تنازع ختم ہوا تھا اور باہمی طور پر باقی ماندہ معاملات پر مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک طے کیا گیا تھا۔
پاکستان نے بطور ثالث اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا، “پاکستان ثالث کے طور پر اپنے کردار میں اس عمل کو سہولت فراہم کرتا رہے گا تاکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھایا جا سکے۔”
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والا یہ اجلاس اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دستخط کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلا باضابطہ تکنیکی رابطہ ہوگا۔