پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ کل 27 مئی کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، لاکھوں مسلمان سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی رضا کے لیے جانور قربان کریں گے، جبکہ ملک بھر کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوں گے۔
اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، سیاسی قائدین اور اہم حکومتی شخصیات ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ عید ادا کریں گی، عوام کی توجہ اس بار بھی سیاسی قیادت کی عید مصروفیات پر مرکوز ہے۔
صدر اور وزیراعظم کہاں نمازِ عید ادا کریں گے؟
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نواب شاہ میں نمازِ عید ادا کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف لاہور میں عید کی نماز پڑھیں گے جبکہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف بھی لاہور میں نمازِ عید ادا کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ گڑھی خدا بخش، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ملتان ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نواب شاہ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی عید
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاتی امراء میں عید کی نماز ادا کریں گی ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نماز عید ضلع خیبر، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نماز عید ڈیرہ اسماعیل خان، گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل اسلام آباد میں عید کی نماز پڑھیں گے۔
اہم وفاقی وزرا اپوزیشن لیڈرز کی عید کی نماز
وزیر داخلہ محسن نقوی عید کی نماز لاہور، وزیر دفاع خواجہ آصف سیالکوٹ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار لاہور، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان بونیر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہری پور، پرویزخٹک نوشہرہ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
کنونیئر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کراچی، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان ڈی آئی خان، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اٹک، گورنر سندھ نہال ہاشمی سعودی عرب میں نمازادا کرینگے۔
سپیکرز اور آزاد کشمیر کی سیاسی شخصیات
سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی چمن، سپیکر پنجاب اسمبلی احمد خان قصور، سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ سکھر، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی مانسہرہ، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباد الرحمان شانگلہ میں نماز عید ادا کریں گے۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر عید کی نماز کھاوڑہ مظفرآباد، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور ضلع حویلی، اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر وادی نیلم، سابق وزیراعظم فاروق حیدر جہلم ویلی، سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نماز عید پونچھ میں پڑھیں گے ،اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر خواجہ فاروق مظفرآباد میں عید منائیں گے۔
کراچی، سندھ اور دیگر شہروں میں سیاسی رہنماؤں کی عید
مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ فیصل آباد، وزیرمملکت طلال چودھری آبائی علاقے جڑانوالہ، سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ سکھر میں نماز عید ادا کریں گے، جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کراچی میں نماز عید پڑھیں گے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ عوام بھی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید کی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں۔