اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے وفاقی دارالحکومت میں موجود تمام ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کے لیے نئی ایس او پیز جاری کر دی ہیں۔ ان ایس او پیز کا مقصد حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا اور شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنا ہے۔
نئی ہدایات کے مطابق ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس میں کام کرنے والے تمام شیف، ویٹرز اور فوڈ سے متعلق عملے کے لیے سیفٹی کیپ کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق کھانے سے براہ راست ڈیل کرنے والا ہر فرد اب دورانِ ڈیوٹی کیپ پہننے کا پابند ہوگا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیپ کا استعمال حفظانِ صحت کے عالمی اصولوں کے مطابق لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ خوراک کی تیاری اور پیشکش کے دوران کسی قسم کی آلودگی سے بچا جا سکے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ریسٹورنٹ یا فوڈ پوائنٹ کو فی الفور سیل کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی ریسٹورنٹ یا فوڈ پوائنٹ پر عملہ کو بغیر کیپ کے دیکھیں تو فوراً اس کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے اپنی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مختلف علاقوں میں جا کر ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کریں اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ٹیموں کو سرپرائز انسپکشنز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تعاون ان اقدامات کی کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس لیے وہ خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائیوں میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کا ساتھ دیں تاکہ اسلام آباد میں معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔