محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں 4 نومبر سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 5 نومبر تک جاری رہے گا۔ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج رات سے ملک کے شمالی حصوں میں داخل ہو گا، جس سے موسم میں واضح تبدیلی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں درمیانی سے تیز شدت کی بارش متوقع ہے، جبکہ صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں بھی بادل برسنے اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جو فضائی آلودگی اور سموگ میں وقتی کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ بارشیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں خشک موسم کے بعد معمولی بہتری لائیں گی۔ تاہم، محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، کیونکہ بعض مقامات پر برفباری کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ کے مطابق، آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ مری اور گلیات سمیت گردونواح میں بھی موسم خشک مگر ٹھنڈا متوقع ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں سموگ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور فیس ماسک کا استعمال جاری رکھیں۔
ادھر سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم چترال، دیر، باجوڑ اور کرم ایجنسی کے کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم کل سے شمالی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
محکمہ نے مزید کہا کہ خطہ پوٹھوہار، راولپنڈی، اسلام آباد اور مری میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم کی ٹھنڈک میں اضافہ ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چند دنوں میں موسم کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، اور شہریوں کو گرم کپڑوں کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔