موسم سرما کی بارشیں کب شروع ہورہی ہیں، محکمہ موسمیات نے نئی پیش گوئی کردی، پہاڑوں پربرفباری کا بھی امکان

موسم سرما کی بارشیں کب شروع ہورہی ہیں، محکمہ موسمیات نے نئی پیش گوئی کردی، پہاڑوں پربرفباری کا بھی امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی پہاڑی سلسلوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیر کو جاری تازہ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات نے 2026 کے چاند کی رویت کا کیلنڈر جاری کر دیا

رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ چند روز تک خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں واضح کمی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب میں اسموگ برقرار، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم، فضائی آلودگی اور کم ہواؤں کے باعث مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان شامل ہیں، اسموگ کی زد میں رہیں گے۔

محکمہ نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں کے اخراج کو کم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ

رپورٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور مانسہرہ میں چند مقامات پر بارش اور بلند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اور شمالی علاقوں میں موسم خشک

اسلام آباد، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں خنکی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں خشک سردی

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ کراچی اور ساحلی پٹی پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسمی حال

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں سرد رہا۔ پنجاب کے مشرقی اضلاع میں اسموگ چھائی رہی جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے اور فضائی معیار خطرناک حد تک گر گیا۔

مزید پڑھیں:کہاں موسم خشک رہے گا، کہاں بارش، برف باری ہوگی، محکمہ موسمیات کی ہفتہ بھر کے لیے پیش گوئی

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ فضائی آلودگی کی صورتحال برقرار رہی تو تنفسی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں۔

Related Articles