خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ایم ایس امتحانات اور بلدیاتی نظام سے متعلق قراردادیں منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ایم ایس امتحانات اور بلدیاتی نظام سے متعلق قراردادیں منظور

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی مقابلے کے امتحانات (پی ایم ایس) اور بلدیاتی نظام سے متعلق دو اہم قراردادیں پیش کی گئیں، جن کی ایوان نے منظوری دے دی۔

پہلی قرارداد رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم خان نے پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبے میں آٹھ سال کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہونے والے پی ایم ایس امتحانات کے امیدواروں کو تیاری کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ امتحانات کے طویل وقفے کے باعث امیدواروں کو اضافی وقت دینا ناگزیر ہے تاکہ وہ بہتر تیاری کے ساتھ امتحان میں شرکت کر سکیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے بلدیاتی نظام کو مضبوط اور خودمختار بنانے سے متعلق ایک قرارداد صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی۔ قرارداد میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل140-A میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے تاکہ مقامی حکومتوں کو مکمل سیاسی، انتظامی اور مالی خودمختاری فراہم کی جا سکے۔

احمد کنڈی کی قرارداد میں کہا گیا کہ 1973 کا آئین صوبوں کو مقامی حکومتوں کے قیام اور اختیارات کی منتقلی کا پابند بناتا ہے، تاہم ملک کا بلدیاتی نظام اب بھی تسلسل، وسائل کی کمی اور خودمختاری کے فقدان کا شکار ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کے مطابق مقامی حکومتیں ریاستی ڈھانچے کا لازمی حصہ ہیں، مگر ان اداروں کی بار بار تحلیل اور غیر مستحکم قانون سازی نے ان کے مؤثر کردار کو محدود کر دیا ہے۔

قرارداد میں یہ سفارش بھی شامل ہے کہ:

مقامی حکومتوں کی مدت اور ذمہ داریوں کی واضح تعریف آئین میں شامل کی جائے۔

اداروں کی تحلیل یا مدت مکمل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر نئے انتخابات کو آئینی طور پر لازم قرار دیا جائے۔

انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد21 دن کے اندر نئے بلدیاتی اداروں کا اجلاس بلانا لازمی ہو۔

بلدیاتی قوانین میں ترمیم صرف دو تہائی اکثریت سے ممکن ہو تاکہ نظام میں پائیداری برقرار رہے۔

مزید برآں قرارداد میں آئین میں ایک نیا باب ’’مقامی حکومتیں‘‘ کے عنوان سے شامل کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، تاکہ بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ اور تسلسل فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *