9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی یا نہیں؟ تفصیل سامنے آگئی

9 نومبر کو عام تعطیل ہوگی یا نہیں؟ تفصیل سامنے آگئی

ہر سال 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل دی جاتی ہے، تاہم اس سال پاکستانی عوام اس چھٹی سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری سالانہ عام تعطیلات کے نوٹیفکیشن میں یومِ اقبال کو تعطیل کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، لیکن چونکہ رواں برس 9 نومبر اتوار کے روز آ رہا ہے، اس لیے کوئی اضافی چھٹی نہیں دی جائے گی۔

وفاقی حکومت کے اعلامیے کے مطابق، اس سال یومِ اقبال کے موقع پر سرکاری دفاتر، اسکولز اور دیگر ادارے معمول کے مطابق بند رہیں گے کیونکہ اتوار پہلے ہی ہفتہ وار تعطیل کا دن ہوتا ہے۔ شہریوں کو کسی اضافی سرکاری چھٹی کا فائدہ نہیں ملے گا۔

یاد رہے کہ علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ برصغیر کے ممتاز فلسفی، شاعر اور مفکر تھے جنہوں نے تحریکِ پاکستان کے لیے فکری اور نظریاتی بنیاد فراہم کی۔ اقبال کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری پیدا کی اور خودی، خوداعتمادی اور آزادی کے پیغام کو عام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسموگ الرٹ کے بعد تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے بڑی خبر

ملک بھر میں ہر سال اس روز مختلف تقریبات، مشاعرے، سیمینارز اور تعلیمی سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں جن میں اقبال کی خدمات اور ان کے نظریات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جن میں طلبہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ خودی پر تقاریر کرتے ہیں۔

اس سال اگرچہ یومِ اقبال کے موقع پر عام تعطیل نہیں دی جا رہی، تاہم قومی سطح پر مختلف ادارے، تعلیمی مراکز اور ثقافتی تنظیمیں شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریبات منعقد کریں گی تاکہ نئی نسل کو اقبال کے افکار اور قومی نظریے سے روشناس کرایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *