حکومت پنجاب کی جانب سے اچھی خبر ، پنجاب حکومت نے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین کی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی نے اس سلسلے میں ’لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025ء‘ منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ایک کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔
بل کے مطابق وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کمیٹی کے چیئر پرسن ہوں گے، جبکہ سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ کمیٹی میں 3 فیلڈ کے ماہرین اور ہیومن ریسورس کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
کمیٹی کا بنیادی کام عارضی بھرتی کے لیے قواعد و ضوابط ( ٹی او آرز) طے کرنا ہوگا، اس بل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بھرتی سے قبل کم سے کم دو اخبارات میں اشتہار دینا لازمی ہوگا تاکہ شفافیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے ماہرین مستقبل میں مستقل نوکری کے لیے درخواست نہیں دے سکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فوری طبی ضروریات کو پورا کرنے اور صحت کے شعبے میں پائیدار خدمات یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
ماہرین صحت اور ہیلتھ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ عارضی بھرتی سے نہ صرف فوری کمی کو پورا کیا جا سکے گا بلکہ صحت کے شعبے میں خدمات کی کوالٹی بھی بہتر ہوگی۔
پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔