وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے، جن کا آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ 8 سال گزر جانے کے باوجود کیس میں تمام گواہوں کے بیانات بھی مکمل طور پر ریکارڈ نہیں ہو سکے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پانامہ کیس کے دوران یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن آج تک وہ اس الزام کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مختلف مواقع پر اسی الزام کو بار بار دہرایا، حالانکہ لندن میں اسی نوعیت کے الزامات لگانے والا شخص عدالت میں جھوٹا ثابت ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے خلاف سوشل میڈیا پر الزامات لگانے والے ایک شخص کو لندن کی عدالت نے جرمانہ بھی کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اداروں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے اور الزامات کی کوئی حقیقت نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کا ٹولہ ہمیشہ الزامات کی سیاست کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھا ایک جھوٹا شخص اپنے من گھڑت بیانیے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حکومت کسی صورت ایسے جھوٹے پروپیگنڈے کی تشہیر برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمات میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’یہی وہ شخص ہے جس نے ملک میں نفرت، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، مگر اب عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی کو بھی ریاستی اداروں یا عوامی قیادت کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔