وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مکمل طور پر محفوظ ہاتھوں میں ہے اور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ غزہ میں فوج بھیجنے سے متعلق سوال کا جواب وزارتِ خارجہ دے گی کیونکہ یہ خارجہ پالیسی سے متعلق معاملہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز پر پورا یقین ہے، پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہے‘۔
دنیا میں پاکستان کو پذیرائی، وزیراعظم کا دورۂ سعودی عرب اہم ثابت ہوگا
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ کامیاب سفارتی پالیسی کے باعث آج دنیا بھر میں پاکستان کے مؤقف کو سنا اور سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ سعودی عرب کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری اور توانائی کے منصوبوں پر بات چیت ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ’ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پھر تعریف کی ہے، جو پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت شناخت کی عکاسی کرتا ہے‘۔
کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، پیڈل کے فروغ کے لیے اقدامات جاری
عطااللہ تارڑ نے کھیلوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پیڈل جیسے نئے کھیل کو ملک میں فروغ دے رہے ہیں۔ اسلام آباد کی سپر مارکیٹ میں پیڈل کورٹس قائم کیے جا چکے ہیں، اور عوام میں اس کھیل کی مقبولیت بڑھ رہی ہے‘۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کرکٹ میں ہاتھ نہ ملانے کی روایت فروغ پا رہی ہے، جسے انہوں نے ’چھوٹا پن‘ قرار دیا۔
نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی توانائی کو مثبت سمت دینا ہوگی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور یہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ‘ہمیں ان کی توانائی کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، کھیل اور روزگار کے مواقع میں استعمال کرنا ہوگا تاکہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان تشکیل دیا جا سکے‘۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کا دفاع مستحکم، سفارت کاری کامیاب اور نوجوان نسل ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ معیشت، کھیل اور عالمی تعلقات کے شعبوں میں بھی مثبت سمت میں پیش رفت کر رہی ہے۔