پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے ریاض میں رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الروائلی سے اہم ملاقات کی ہے ۔
اس ملاقات کے دوران باہمی اور اسٹریٹجک دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دونوں عسکری رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی، جبکہ مستقبل میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خاص طور پر دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی تعاون میں اضافے اور اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت جاری تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور خود انحصاری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اسی سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ دفاعی صنعتی فورم کا خصوصی اجلاس بھی ریاض میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستانی ٹرائی سروسز وفد کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کی، جبکہ سعودی وفد کی سربراہی معاون وزیر دفاع برائے انتظامی امور خالد البیاری نے کی۔
اجلاس کے دوران جاری دفاعی تعاون کے منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک نے کنگڈم وژن 2030 کے مطابق ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ منصوبوں کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر غور کیا۔
ملاقات میں لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے رائل سعودی ڈیفنس فورسز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم، کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔ ان ملاقاتوں اور اجلاسوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی راہ ہموار کی ہے، جس سے مستقبل میں عسکری اور اسٹریٹجک تعاون نئی سطحوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔