کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بنوں اور لکی مروت پولیس کی سرائے نورنگ میں مشترکہ کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں دو انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں نے خفیہ اطلاع پر لکی مروت پولیس کے ساتھ سرائے نورنگ میں ایک اپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دہشتگرد نالی چک روڈ پر واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جس پر سی ٹی ڈی بنوں اور لکی مروت پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اورفائرنگ کے تبادلے میں دو انتہائی مطلوب دہشتگرد محمد سہیل عرف احمد اور عظمت اللہ عرف حافظ ہلاک ہوئے ہیں ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد پولیس و سیکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور سنگین مقدمات میں نامزد تھے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عظمت اللہ ڈی ایس پی گل محمد، کانسٹیبل نسیم گل اور لیفٹیننٹ عارف اللہ کی شہادتوں میں ملوث تھا، سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد محمد سہیل نے کانسٹیبل منصور خان اور ایل ایچ سی ہاشم خان کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا تھا۔
سی ٹی ڈی بنوں کے مطابق مقابلے کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول، موبائل فون اور کالعدم تنظیم کے دو کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق عظمت اللہ پولیس چوکی عباسہ خٹک حملے اور نجی بینک وین پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ آئی جی خیبرپختونخوا کا کاروائی پر سی ٹی ڈی بنوں اور لکی مروت پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی ۔