ضمنی انتخابات نتائج مکمل، پی ٹی آئی اپنے حلقوں میں مسترد، ن لیگ 12 نشستوں پر کامیاب، پیپلز پارٹی بھی ایک سیٹ لے اڑی

ضمنی انتخابات نتائج مکمل، پی ٹی آئی اپنے حلقوں میں مسترد، ن لیگ 12 نشستوں پر کامیاب، پیپلز پارٹی بھی ایک سیٹ لے اڑی

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو تقریباً ہر حلقے میں مسترد کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستوں اور پنجاب اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار فاتح قرار پائے ہیں، جبکہ صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد: این اے 96 ضمنی انتخابات ، لیگی امیدوار بلال بدر چوہدری93,009 ووٹ لیکر کامیاب

انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں دیکھنے میں آیا، جہاں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان ایک لاکھ 63 ہزار 996 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ شہرناز عمر ایوب ایک لاکھ 20 ہزار 220 ووٹ حاصل کر سکیں۔ یہ نشست سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں بھی ن لیگ نے میدان مار لیا، جہاں 334 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ میاں محمد نعمان نے 63 ہزار 441 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29 ہزار 99 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 185 میں بھی ن لیگ کے محمود قادر خان نے کامیابی حاصل کی۔ وہ 82 ہزار 416 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 49 ہزار 262 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ساہیوال کے حلقہ این اے 143 میں بھی مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد طفیل جٹ نے ایک لاکھ 36 ہزار 223 ووٹ لےکر فیصلہ کن کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری صرف 13 ہزار 220 ووٹ لے سکیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے حسن نواز کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں:ضمنی انتخابات میں لیگی امیدواروں کی کامیابی وزیر اعظم شہباز شریف کاعوام کے اعتماد پر اظہار ِ تشکر

فیصل آباد کے دو اہم حلقوں میں بھی ن لیگ نے اپنی کامیابی برقرار رکھی۔ این اے 104 فیصل آباد میں ن لیگ کے دانیال احمد 52 ہزار 791 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید 19 ہزار 262 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح این اے 96 فیصل آباد کے 345 پولنگ اسٹیشنز کے مکمل نتائج میں ن لیگ کے بلال بدر چوہدری 93 ہزار 9 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔ بلال بدر چوہدری وزیر مملکت طلال چوہدری کے بھائی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر بھی ن لیگ کو نمایاں برتری حاصل ہوئی۔ پی پی 87 میانوالی میں علی حیدر نور خان نیازی نے 67 ہزار 986 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ پی پی 98 فیصل آباد میں آزاد علی تبسم نے 44 ہزار 388 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔

فیصل آباد کے مزید دو حلقوں پی پی 115 اور پی پی 116 میں بھی ن لیگ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ پی پی 116 سے کامیاب ہونے والے احمد شہریار وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے داماد ہیں، اور یہ نشست پی ٹی آئی کے اسماعیل سیلا کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ساہیوال کے حلقہ پی پی 203 میں بھی مسلم لیگ ن کے محمد حنیف 46 ہزار 900 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پی پی 73 سرگودھا میں سلطان علی رانجھا 71 ہزار 770 ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں:ہری پور: این اے 18 ضمنی انتخابات مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان کامیاب

البتہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 مظفر گڑھ میں ن لیگ کو واحد ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جہاں پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 55 ہزار 611 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ان نتائج نے ملکی سیاسی منظرنامے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس کے مطابق ضمنی انتخابات میں عوام نے ن لیگ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ تحریک انصاف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی بیشتر نشستیں ن لیگ کے حصے میں آ گئی ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *