وفاقی آئینی عدالت کی چاروں صوبوں میں رجسٹریاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ ملک بھر میں صوبائی رجسٹریاں قائم کی جائیں گی تاکہ عوام کو اپنے صوبوں میں ہی آئینی نوعیت کے مقدمات دائر کرنے کی سہولت میسر ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت اس وقت ٹرانزیشن کے مرحلے سے گزر رہی ہے اور بہت جلد مکمل طور پر فعال ہو کر اپنا کردار ادا کرے گی۔
وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق نے بتایا کہ آئینی عدالت کی پرنسپل سیٹ سے صوبائی رجسٹریوں تک ویڈیو لنک کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے کیسوں کی سماعت میں مزید شفافیت، تیزی اور سہولت آئے گی۔
علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت میں سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، تاہم ارجنٹ کیسز کی سماعت چھٹیوں کے دوران بھی ہوگی۔
آئینی عدالت میں سردیوں کی تعطیلات کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیاہے ، آئینی عدالت 22 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک تعطیلات ہوگی۔
آئینی عدالت 5 جنوری 2026 کو دوبارہ کھلے گی اور تعطیلات کے دوران آئینی عدالت کے دفاتر کھلے رہیں گے ، آئینی عدالت تعطیلات کے دوران ارجنٹ و دیگر فکس مقدمات کی سماعت کرے گی۔
قبل ازیں پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی پی) کو سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) کے ایک فیصلے کے خلاف پہلی مرتبہ اپیل موصول ہوئی ، جس کا اندراج اس کے لیے قائم کیے گئے خصوصی فائلنگ اور انفارمیشن ڈیسک کے باضابطہ افتتاح کے بعد کیا گیا۔
یہ ڈیسک کئی مقاصد کے لیے قائم کیا گیا ہے، جن میں ایف سی سی پی کے لیے نئے مقدمات کا اندراج، سائلین، وکلا اور عام افراد کو معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا، اور عدالتی ریکارڈ کی مصدقہ نقول کے لیے درخواستیں وصول کرنا شامل ہے۔