بھارتی وزیر دفاع کا سندھ سے متعلق بیان امن کے لیے خطرہ ہے ، پاکستان

بھارتی وزیر دفاع کا سندھ سے متعلق بیان امن کے لیے خطرہ ہے ، پاکستان

پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ سے متعلق دیے گئے بیان کی سختی سے مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے صوبہ سندھ کے دوبارہ بھارت کا حصہ بننے سے متعلق اشتعال انگیز بیان امن کیلئے خطرہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کے وہم و گمان پر مبنی اور خطرناک حد تک تاریخ کو مسخ کرنے والے بیانات ایک توسیع پسند ہندوتوا ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں جو مستحکم حقائق کو چیلنج کرنے کی کوشش ہیں اور بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں کی حرمت اور ریاستوں کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم راج ناتھ سنگھ اور دیگر بھارتی رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں ۔

مزید پڑھیں: افغان طالبان کو دہلی سے کنٹرول کیا جارہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

 دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ بھارتی حکومت کے لیے زیادہ تعمیری راستہ یہ ہوگا کہ وہ اپنے ہی شہریوں، خصوصاً کمزور اقلیتی برادریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر توجہ دے ، اسے چاہیے کہ وہ اُن عناصر کا محاسبہ کرے جو ان کے خلاف تشدد کو ہوا دیتے ہیں یا اس میں ملوث ہوتے ہیں اور مذہبی تعصبات اور تاریخی مسخ کرنے کے بیانات سے گریز کرے۔

دفتر خارجہ نے بیان میں مزید کہا  کہ بھارت کے شمال مشرقی خطے کے عوام کے دیرینہ مسائل بھی توجہ کے مستحق ہیں جو اب بھی منظم محرومی، شناخت کی بنیاد پر ظلم و ستم اور ریاستی سرپرستی میں جاری تشدد کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور زیر تسلط کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعے کے حقیقی اور پُرامن حل کے لیے قابلِ اعتماد اقدامات کرے۔

پاکستان انصاف، مساوات اور بین الاقوامی قانونی ضابطوں کی بنیاد پر بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پرعزم ہے تاہم ماضی کی طرح پاکستان اپنی سلامتی، قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے بھرپور اور غیر متزلزل عزم رکھتا ہے۔

editor

Related Articles