وفاقی آئینی عدالت میں پانچ ججز کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر کر لی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کرے گا ،یہ لارجر بینچ 24 نومبر کو ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا ۔
جسٹس حسن رضوی، جسٹس باقر نجفی، جسٹس کے کے آغا ، جسٹس روزی خان، جسٹس ارشد حسین شاہ اس بینچ میں شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پانچ رکنی بینچ نے اسلام آباد میں ججز کا تبادلہ درست قرار دیا تھا ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں پانچ ججز نے اس فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
علاوہ ازیں پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی پی) کو گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) کے ایک فیصلے کے خلاف پہلی مرتبہ اپیل موصول ہوئی ہے، جس کا اندراج اس کے لیے قائم کیے گئے خصوصی فائلنگ اور انفارمیشن ڈیسک کے باضابطہ افتتاح کے بعد کیا گیا ہے۔
یہ ڈیسک کئی مقاصد کے لیے قائم کیا گیا ہے، جن میں ایف سی سی پی کے لیے نئے مقدمات کا اندراج، سائلین، وکلا اور عام افراد کو معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا، اور عدالتی ریکارڈ کی مصدقہ نقول کے لیے درخواستیں وصول کرنا شامل ہے۔
انفارمیشن ڈیسک کے قیام سے قبل وکلا کو مشکلات کا سامنا تھا، کیونکہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ اپیلیں یا درخواستیں کہاں جمع کرانی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں شریک جسٹس علی باقر نجفی نے اس اقدام کو عدالتی رسائی اور انتظامی کارکردگی کو مضبوط بنانے میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔