سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد القصبی کو پاکستان کے دوسرے بڑے سول اعزاز ’ہلالِ پاکستان‘ سے نواز دیا گیا۔ یہ اعزاز سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ایک خصوصی تقریب کے دوران سعودی وزیر تجارت کو پیش کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے پاک سعودی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق نے سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور نجی شعبے کے روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ ’ہلالِ پاکستان‘ کا اعزاز سعودی وزیر تجارت کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کے اعتراف کے طور پر دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماجد القصبی نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر سعودی وزیر تجارت ماجد القصبی نے گورنمنٹ آف پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ماجد القصبی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور سعودی عرب پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان روابط بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر زور دیا۔
یہ اعزاز سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، باہمی اعتماد اور مضبوط تجارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ سفارتی حلقوں کے مطابق یہ اقدام دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مفاد میں مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم محرک ثابت ہو گا اور مستقبل میں پاک سعودی اقتصادی تعلقات کو نئی جہت فراہم کرے گا۔