وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت رمضان المبارک کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے لیے بڑے فلاحی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سی ایم راشن کارڈ، رمضان نگہبان کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کے بعد حتمی فیصلے کیے گئے،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نادرا نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی پنجاب میں 47 ارب روپے کے بڑے ریلیف پیکج کو حتمی شکل دے دی ہے۔اس تاریخی ریلیف پیکج کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں، یعنی تقریباً ایک کروڑ افراد کو رمضان المبارک میں براہ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ہر مستحق خاندان کو 10،10 ہزار روپے دیے جائیں گے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو باعزت طریقے سے سہولت فراہم ہواس مقصد کے لیے رمضان نگہبان کارڈ اور سی ایم راشن کارڈ متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کے ذریعے شہریوں کو امداد کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے کیش کے ساتھ ساتھ ضروری اشیائے خورونوش بھی خریدی جا سکیں گی،یہ کارڈ بنک آف پنجاب کی برانچ لیس بینکنگ، ون لنک نیٹ ورک کے اے ٹی ایمز اور مقررہ دکانداروں کے ذریعے قابلِ استعمال ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی، جبکہ کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے پنجاب بھر میں 136 مراکز قائم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ پنجاب بنک کے اے ٹی ایمز پر بھی کارڈ ایکٹیویٹ کیا جا سکے گا۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا کہ راشن کارڈ ہولڈرز کو رمضان المبارک میں ماہانہ 3 ہزار روپے کے بجائے 10 ہزار روپے دیے جائیں گے،شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا اور کارڈ ہولڈرز کو فون کالز کے ذریعے کاؤنٹر چیکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
اجلاس میں ہر تحصیل میں 8 ”نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان“ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جہاں روزانہ 2 ہزار روزہ داروں کے لیے افطاری کا اہتمام کیا جائے گا،دسترخوان پر کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی پیش کی جائے گی، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور فوڈ اتھارٹی کو ان دسترخوانوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔ حکومت دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے،انہوں نے صاحبِ ثروت افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے اردگرد موجود مستحق افراد کا خیال رکھیں اور انہیں کھانا کھلائیں، وزیراعلیٰ نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روزِ قیامت عبادت گزار پیچھے اور اچھے اخلاق والے آگے ہوں گے۔