ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس ملاقات میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے متعلق موجودہ صورتحال، ممکنہ فیصلوں اور پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی کے حالیہ فیصلوں اور ان سے جڑے معاملات پر جامع بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے آئی سی سی کے مبینہ دہرے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی نوعیت کے معاملات میں بھارت کے لیے الگ اور دیگر ممالک کے لیے الگ اصول اپنائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صورتحال کو غور سے سننے کے بعد محسن نقوی کو ہدایت کی کہ قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے معاملے کو دانشمندی اور سفارتی طریقے سے حل کیا جائے۔
ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کو آئی سی سی سے متعلق تمام امور پر بریف کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت ملی ہے کہ تمام پہلوؤں اور آپشنز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شمولیت یا عدم شمولیت کا حتمی فیصلہ جمعے یا پیر تک متوقع ہے۔
Had a productive meeting with the Prime Minister Mian Muhammad Shahbaz Sharif. Briefed him on the ICC matter, and he directed that we resolve it while keeping all options on the table. It was agreed that the final decision will be taken either on Friday or next Monday. pic.twitter.com/6SOvNdLceW
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) January 26, 2026

