سینئر وزیر پنجاب اور رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ان مذاکرات کے مثبت نتائج سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی سطح پر امن کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے اس عمل کو ایک تاریخی اور فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ سنجیدہ اور مستقل مزاج سفارت کاری ہی پائیدار امن کی بنیاد ہوتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی ذمہ دارانہ حیثیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات محض ایک وقتی سرگرمی نہیں بلکہ ایک تسلسل کا حصہ ہیں، جو پاکستان کی پالیسی میں سنجیدگی اور استقامت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مذاکرات کے دوران پاکستان نے اپنی میزبانی کے اعلیٰ معیار کا عملی مظاہرہ کیا، جسے عالمی مہمانوں نے بھی سراہا۔ گزشتہ چند دنوں میں کیے گئے انتظامات نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت تھے بلکہ یہ پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
اس عمل کے ذریعے پاکستان نے دنیا کو یہ دکھایا کہ وہ بڑے سفارتی مواقع کو نہایت ذمہ داری اور وقار کے ساتھ سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان مذاکرات نے پاکستان کی عالمی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ ملک ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے یہ واضح پیغام ملتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل قابل اور دور اندیش قیادت کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔