وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورۂ قطر کے دوران انہیں غیر معمولی اور اعلیٰ سطح کا پروٹوکول دیا گیا جسے سفارتی حلقے ایک نایاب اور خصوصی اعزاز قرار دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف جب قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تو قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ان کے خصوصی طیارے کو حفاظتی حصار میں لے لیا اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ انہیں ایئرپورٹ تک پہنچایا۔ اس غیر معمولی فضائی اسکواڈرن حصار کو خطے میں ایک اہم سفارتی اشارہ اور دوستانہ تعلقات کی مضبوط علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ خصوصی پروٹوکول عام سفارتی روایات سے ہٹ کر تھا جس میں اعلیٰ سطح کی فضائی سلامتی اور ہمراہی شامل تھی۔ قطری فضائیہ کے جنگی طیاروں کی جانب سے وزیرِاعظم کے جہاز کو گھیرے میں لے کر محفوظ انداز میں ایئرپورٹ تک لانا ایک نمایاں سفارتی اعزاز سمجھا جا رہا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس شاندار استقبال پر قطری قیادت اور فضائیہ کے پائلٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر اپنے بیان میں اس اقدام کو دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت قرار دیا۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم کی ملاقات قطر کے امیر تمیم بن حماد التہانی سے بھی ہوئی جس میں خطے کی صورتحال امن و استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
سفارتی ماہرین کے مطابق قطر کی جانب سے دیا گیا یہ غیر معمولی فضائی پروٹوکول نہ صرف پاکستان اور قطر کے قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے بلکہ خطے میں پاکستان کے کردار اور اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔