پی آئی اے نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور دیگر مسافروں کے لیے خوشخبری سنا دی ہے اور پیرس سے پاکستان سفر کرنے والوں کے کرایوں میں خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کی جانب سے پیرس سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے فضائی کرایوں میں 10 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مسافروں، بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کے لیے وطن واپسی کے سفر کو مزید آسان اور سستا بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی
ترجمان نے بتایا کہ یہ رعایت صرف پیرس سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ہوگی، جبکہ مسافر 10 فروری 2026 تک اس خصوصی آفر کے تحت اپنی بکنگ کرا سکتے ہیں۔
پی آئی اے کے مطابق یہ رعایتی کرایے یکم فروری سے 10 مارچ 2026 اور یکم مئی سے 15 مئی 2026 کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہوں گے، جس سے چھٹیوں اور خصوصی سفری منصوبوں پر جانے والے افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اٹلی کا پاکستانی طلبا کے لیے بڑا اعلان،ہر ماہ نو سو یورو وظیفہ اور یونیورسٹی کی فیس میں مکمل چھوٹ
پی آئی اے کے مطابق مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے قومی ایئر لائن کے سرکاری بکنگ دفاتر، ویب سائٹ، موبائل ایپ یا قریبی مستند ٹریول ایجنٹس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مسافروں کو روایتی مہمان نوازی، بہتر سہولیات اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مسافروں کے سفر کو خوشگوار اور یادگار بنایا جا سکے۔

