پنجاب حکومت نے بسنت کے تہوار کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ 6 فروری اور ہفتہ 7 فروری 2026 کو پنجاب بھر میں سرکاری تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں جمعرات 5 فروری کو یومِ کشمیر کی چھٹی ہوگی، جس کے بعد پنجاب کے شہری اتوار کا دن ملا کر 4 روزہ تعطیلات سے لطف اندوز ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ موقع لوگوں کے لیے آرام کرنے اور تازہ دم ہونے کا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام چھٹیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
ادھر پنجاب کی جانب سے لاہور کو بسنت کے تہوار کے لیے سجایا گیا ہے۔ شہر کی سڑکیں رنگ برنگی لائٹس سے روشن کی گئی ہیں اور لاہور جشن منانے کے لیے تیار ہے۔ حکومت نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تہوار کا لطف اٹھائیں۔