وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کے قبضے یا غیرقانونی اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضے سے متعلق موصول ہونے والی کسی بھی شکایت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سات روز کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایات کے ازالے کے لیے فوری، شفاف اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری نہایت خوش آئند اور قابلِ قدر ہے، کیونکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثہ جات اور جائیدادوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کا اعتماد بحال ہو اور وہ مزید سرمایہ کاری کے لیے آمادہ ہوں۔
واضح رہے کہ ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو اپنی جائیدادوں پر قبضے، طویل عدالتی کارروائیوں اور انتظامی سستی جیسے سنگین مسائل کا سامنا رہا ہے۔ بیرونِ ملک مقیم ہونے کے باعث کئی پاکستانی اپنی جائیدادوں کا بروقت دفاع نہیں کر پاتے تھے، جس سے قبضہ مافیا فائدہ اٹھا کر غیرقانونی طور پر جائیدادوں پر قابض ہو جاتا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے اعلان کو اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اس فیصلے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا گیا تو نہ صرف قبضہ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوگا۔