دوسری بین الاقوامی باکسنگ چیمپیئن شپ کا آغاز صوبہ پنچاب کے دارلحکومت لاہور میں ہو گیا ہے، جس میں 6 پاکستانیوں سمیت 15 ممالک کے 44 پروفیشنل باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان باکسنگ ایسوسی سی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں دوسری بین الاقوامی باکسنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان، امریکا، برطانیہ، جرمنی، کوریا، آسٹریلیا، آئرلینڈ، فلپائن اور نیدرلینڈز کے پروفیشنل اور عالمی شہریت یافتہ باکسر حصہ لے رہے ہیں۔
ایونٹ میں دنیا کے 15 ممالک حصہ لے رہے ہیں جبکہ 6 پاکستانی باکسرز بھی مختلف ٹائٹلز کے لیے میدان میں اتریں گے۔ چیمپیئن شپ جناح اسپورٹس کمپلیکس لاہور گیریژن میں کھیلی جا رہی ہے۔
ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے دوسری بین الاقوامی باکسنگ چیمپیئن شپ پاک فوج، حکومت پنجاب اور فوجی فرٹیلائزرز کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔
چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستانی باکسرز کی عالمی کارکردگی کی بھرپور پذیرائی بھی کی۔ ایونٹ میں دیگر ممالک کے باکسرز، آفیشلز اور ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔ بین الاقوامی باکسنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے احسن اقدام ہے۔
لاہور ایک بار پھر عالمی باکسنگ کا مرکز بننے جا رہا ہے، جہاں 26 سے 29 نومبر 2025 تک دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ ’ فائٹ فار گلوری ‘ منعقد ہو رہی ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف عالمی معیار کا اسپورٹس مقابلہ ہے بلکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی اسپورٹس ساکھ اور کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری کے فروغ کی بھی نمایاں مثال ہے۔
مئی 2025 میں کوئٹہ میں پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی شاندار کامیابی کے بعد لاہور میں اس ایونٹ کا انعقاد پاکستان کی میزبانی کی مضبوط صلاحیت اور اسپورٹس ترقی کے تسلسل کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔