ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اس وقت خطہ جیوپولیٹکل مقابلے، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے دور سے گزر رہا ہے، پاکستان ایک اہم ملک ہے اور یہ دُنیا میں اپنا مقام حاصل کر کے رہے گا، پاکستان کی اصل طاقت وحدت ہے، اسی وحدت کے ذریعے دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات، دفاعی اور عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو ) کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی و داخلی سیکیورٹی صورت حال، قومی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور ملک گیر آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے عمل اور سرحدی کنٹرول کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی شامل تھا۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے پاکستان کی داخلی و خارجی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’ہماری سب سے بڑی طاقت قومی وحدت ہے اور ہم دشمن کے عزائم اور ہر چال کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں‘۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اس وقت جیو پولیٹیکل مقابلے، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ خطرات کے دور سے گزر رہا ہے، تاہم افواج پاکستان بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی اور اطلاعاتی جنگ کے باوجود پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کے ہر شہری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا‘۔

مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستانی معیشت بحال، سرمایہ کاری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا،بلومبرگ کی رپورٹ

انہوں نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے نہ صرف ملک کے دفاع کو مضبوط کیا ہے بلکہ پاکستان کے عالمی وقار میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان ایک اہم ملک ہے اور یہ دنیا میں اپنا مقام ضرور حاصل کرے گا۔’

فیلڈ مارشل نے پائیدار امن و استحکام کے لیے قومی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی وہ بنیاد ہے جس پر پاکستان مضبوطی سے کھڑا رہ سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے شرکا کو سرحد پار ہائبرڈ خطرات اور مستقبل کے جیو اسٹریٹیجک چیلنجز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

شرکا نے افواج پاکستان کے کردار، پیشہ ورانہ تیاریوں اور قومی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ملک میں امن و استحکام کے لیے مسلح افواج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *