برازیل کے اسٹار فارورڈ نیمار کی فٹنس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ان کی انجری سے متعلق تازہ پیش رفت نے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ امید کی جا رہی تھی کہ نیمار جلد ٹریننگ میں واپس آئیں گے، تاہم نئے میڈیکل ٹیسٹ کے بعد ان کی واپسی کا معاملہ مزید غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے۔
فٹ بال شائقین کی نظریں اس وقت برازیل فٹ بال ٹیم کے سب سے بڑے ستارے پر جمی ہوئی ہیں ، اگر نیمار طویل عرصے تک میدان سے باہر رہے تو اس کا اثر ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑ سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹورنامنٹ فیصلہ کن مرحلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیمار سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ پیر کو ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کریں گے تاہم ایسا نہ ہو سکا کیونکہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس سیشن میں شریک ہونے کے بجائے اپنی زخمی دائیں ٹانگ کے مزید معائنے کے لیے ایک کلینک پہنچ گئے۔
برازیلین فٹ بال فیڈریشن نے فی الحال ٹیسٹ کے نتائج جاری نہیں کیے، جس کی وجہ سے ان کی صحت کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔
انجری کے بعد سے میدان سے دور
34 سالہ نیمار اپنے کیریئر کے چوتھے فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ 17 مئی کو برازیلین کلب سانتوس کی جانب سے کھیلتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔ اس انجری کے بعد سے وہ مسلسل ایکشن سے باہر ہیں۔
ٹیم کی امریکا میں جاری تیاریوں کے دوران بھی نیمار کسی مکمل ٹریننگ سیشن کا حصہ نہیں بن سکے، یہی وجہ ہے کہ ان کی فٹنس کے حوالے سے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
برازیل کو اگلے میچ کا انتظار
برازیل کا اگلا مقابلہ جمعے کے روز فلاڈیلفیا میں ہیٹی کے خلاف شیڈول ہے، شائقین امید کر رہے ہیں کہ ٹیم کے اہم کھلاڑی جلد صحت یاب ہو کر میدان میں واپس آئیں گے۔
برازیلی میڈیا کے مطابق ٹیم کا میڈیکل اسٹاف پرامید ہے کہ نیمار ناک آؤٹ مرحلے تک مکمل فٹ ہو سکتے ہیں، اگر ایسا ہوا تو برازیل کو اپنی مہم میں بڑا سہارا ملے گا۔
مراکش کے خلاف ڈرا کے بعد نیمار کی شرکت اور بھی اہم
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں برازیل کو مراکش کے خلاف 1-1 کے مایوس کن ڈرا کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس نتیجے کے بعد ٹیم کو ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے جو میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
نیمار کی ممکنہ واپسی اسی لیے برازیل کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے، مداح بھی بے صبری سے ان کی فٹنس رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ ان کی موجودگی ٹیم کے حوصلے اور کارکردگی دونوں پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔