نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر کے شہریوں، بالخصوص دوردراز علاقوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے شناختی دستاویزات کی فراہمی سے متعلق ایک اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بعض تکنیکی وجوہات کے باعث مخصوص اوقات میں خدمات میں تعطل کی پیشگی اطلاع دے دی ہے۔
نادرا کے مطابق 29 اپریل 2026 بروز بدھ صبح 8:00 بجے سے 9:30 بجے تک سیٹلائٹ کے ذریعے رابطے کی سہولیات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی، جس کے باعث سیٹلائٹ سے منسلک مخصوص نادرا مراکز میں قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر متعلقہ خدمات متاثر رہیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس تکنیکی تعطل سے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقوں میں قائم نادرا کے 51 مراکز متاثر ہوں گے، جہاں مقررہ وقت کے دوران شہریوں کو خدمات کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
نادرا حکام کے مطابق یہ تعطل سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم سے متعلق تکنیکی وجوہات کے باعث پیش آئے گا، جبکہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ متاثرہ اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی دستاویزی ضروریات کے لیے متبادل وقت کا انتخاب کریں تاکہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
نادرا نے شہریوں کو ممکنہ دشواری پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدمات کی بحالی کے بعد تمام مراکز معمول کے مطابق دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔ ادارے کی جانب سے متاثرہ مراکز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ شہری پیشگی معلومات کی بنیاد پر اپنے شیڈول کو بہتر انداز میں ترتیب دے سکیں۔