وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ملک بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور طبقہ اپنی بےلوث خدمات کے ذریعے قومی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یومِ مزدور کو اقوامِ عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر عزم اور احترام کے ساتھ منا رہا ہے۔ انہوں نے مزدوروں اور ہنرمند افراد کو قومی معیشت کی اصل قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی لوگ اپنی محنت، صلاحیت اور لگن سے ملک کی بنیاد کو مضبوط بناتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :خوشخبری، وزیراعظم کا اپنا گھر اسکیم کا آغاز، ملک بھر میں اطلاق کا اعلان، چیکس کی تقسیم
وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں محنت کش بیرونِ ملک اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ پاکستان کی معاشی بنیاد کے سفیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان محنت کشوں کی محنت سے کمائی گئی ہر رقم ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ ملکی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پرھیں :وزیر اعظم کی موٹر سائیکل سواروں ، پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے دی جانیوالی سبسڈی میں 1 ماہ کی توسیع
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی سہولت اور بہتری کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اعلیٰ معیار کی تربیت، مختلف زبانوں پر عبور اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی ہنرمند عالمی منڈی میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گی کیونکہ قوم کے روشن مستقبل میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

