امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن سے جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کی ملاقات اچھی رہی، پیوٹن جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر ذکر کرتے کہنا تھا کہ دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں، پانچ جنگیں ٹیرف کے ذریعے رکوائیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین نے امریکی منصوبے کی ’کافی حد تک‘ حمایت کی ہے، اگرچہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیف کو یہ پہلے کرنا چاہیے تھا، جب انہوں نے فروری میں صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ایک سخت ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ روس یوکرین امن مذاکرات کے لیے ٹرمپ کے معاونین آج میامی میں یوکرینی مذاکرات کار سے ملاقات کریں گے۔
یوکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن ’امن کی کوششوں میں دلچسپی دکھانے کا دِکھاوا‘ کر رہے ہیں ، برطانوی وزیر خارجہ ییویٹ کوپر نے کہا کہ روسی رہنما ’فریب اور خونریزی بند کریں اور میز پر آنے اور ایک منصفانہ اور دیرپا امن کی حمایت کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
یوکرینی وزیر خارجہ اندری سیبیا نے صدر پیوٹن پر زور دیا ہے کہ ’دنیا کا وقت ضائع کرنا بند کریں۔‘
قبل ازیں روسی صدر پیوٹن نے یوکرین امن مذاکرات کے تناظر میں یورپی ممالک کو تیسری جنگ عظیم شروع کرنے کی دھمکی دی تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پیوٹن نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ روس یورپ کے ساتھ تیسری جنگ عظیم کیلئےتیار ہے، یورپ سے لڑنے کا ارادہ نہیں اور میں یہ بات ایک سو بار کہہ چکا ہوں لیکن یورپ نے ہمارے خلاف جنگ کا فیصلہ کیا تو روس بھی تیار ہے۔