پنجاب کے طلباء کے لیے ایک نہایت اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال کے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانات رمضان المبارک کے فوراً بعد منعقد کیے جائیں گے۔
اس فیصلے کو طلباء، والدین اور اساتذہ کی جانب سے بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے امتحانی تیاری کے عمل میں درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی وزیرِ تعلیم کے مطابق یہ قدم اس لیے اٹھایا گیاہے تاکہ لاکھوں طلباء کو زیادہ بہتر ماحول میں امتحان دینے کا موقع مل سکے۔
رمضان کے دوران تراویح اور دیگر عبادات کے باعث زیادہ تر طلباء کیلئے مطالعہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو رمضان کے اختتام تک مؤخر کر دیا جائے۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی نظام میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ امتحانات کی نئی تاریخوں پر صلاح مشورے کے بعد جلد حتمی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ نیا ٹائم ٹیبل ترتیب دینے کے لیے مشاورت کا عمل تیز کریں ،طلباء کی جانب سے بھی اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلباء کا کہنا ہے کہ انہیں اضافی وقت ملنے سے کورس کی تیاری بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
اس کے علاوہ اساتذہ اور والدین بھی مطمئن ہیں کہ اب امتحانات ایسے ماحول میں ہوں گے جس سے طلباء کی کارکردگی پر مثبت اثر پڑے گا۔
نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے اور طلباء اُمید کر رہے ہیں کہ نئے شیڈول سے انہیں بہترین طریقے سے امتحان کی تیاری کا موقع ملے گا۔