امریکا کی نئی سفری پابندیاں: فہرست 30 سے زائد ممالک تک بڑھنے کا امکان

امریکا کی نئی سفری پابندیاں: فہرست 30 سے زائد ممالک تک بڑھنے کا امکان

امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ممالک کی تعداد 19 سے بڑھا کر 30 سے زائد کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

اس سلسلے میں امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نائم نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مزید ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں، اور اس حوالے سے مشاورتی عمل جاری ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے باعث 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستیں روک دی تھیں۔ ان پابندیوں میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت سے متعلق کارروائیاں بھی شامل تھیں، جس کے بعد متعلقہ ممالک کے شہریوں کے لیے امریکا میں مستقل رہائش کے دروازے عارضی طور پر بند ہو گئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جون میں جن 19 ممالک پر پہلے ہی جزوی سفری پابندیاں نافذ تھیں، ان پر نئی پابندیوں کی سختیاں مزید بڑھا دی گئیں۔ ان ممالک میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جہاں کے شہریوں پر امریکا میں داخلے تک مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا جعلی دستاویزات پر بیرونِ ملک جانیوالے مسافروں کیخلاف اقدامات سخت کرنیکا فیصلہ

اسی طرح وہ ممالک جنہیں جون میں جزوی پابندیوں کا سامنا تھا، ان میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کے لیے بھی سفری اور امیگریشن پالیسیوں میں سختی برتی جا رہی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر فہرست میں مزید ممالک شامل کیے جانے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل قریب میں سفری پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *