ٹک ٹاک نے حال ہی میں اپنا ایک نیا اور جدید فیچر “نیئر بائی فیڈ” (Nearby Feed) متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کو ان کے اردگرد موجود سرگرمیوں، مقامات اور مواد کے بارے میں زیادہ بہتر معلومات فراہم کرنا ہے۔
یہ نیا فیچر صارفین کو اپنے قریب موجود نئے مقامات، دلچسپ جگہوں اور مقامی مواد کو دریافت کرنے کا موقع دیتا ہے، جس سے نہ صرف صارفین کے تجربے میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی کریئیٹرز بھی مستفید ہو سکیں گے ۔
کمپنی کے مطابق نیئر بائی فیڈ کو اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صارفین اپنی لوکیشن کے لحاظ سے وہ ویڈیوز آسانی سے دیکھ سکیں جو ان کے علاقے سے تعلق رکھتی ہوں۔ اس میں سیاحت، فوڈ، ایونٹس، مقامی تقریبات اور دیگر موضوعات سے متعلق پوسٹس شامل ہوں گی، جو قریب موجود لوگوں کی جانب سے شیئر کی جاتی ہیں۔
اس فیچر کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا کے چند منتخب صارفین کے لیے کی گئی تھی، مگر بعد میں مختلف وجوہات کی بنا پر اس پر کام عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
اب ٹک ٹاک نے ایک بار پھر اس فیچر کو فعال کرتے ہوئے اسے برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرا دیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسے مزید ممالک تک وسعت دینے کا امکان موجود ہے، مگر اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔
نیئر بائی فیڈ میں دکھایا جانے والا مواد تین بنیادی عوامل پر منحصر ہوگا جس میں صارف کی لوکیشن ، مواد کا موضوع اور ویڈیو پوسٹ ہونے کا وقت شامل ہے ۔
یہ فیچر ان کریئیٹرز کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو اپنی ویڈیوز کو مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں، اس سے مقامی کاروبار، فوڈ پوائنٹس، اور ایونٹ آرگنائزرز بھی اپنے علاقے کے لوگوں سے بہتر طور پر جڑ سکیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق لوکیشن شیئر کرنا مکمل طور پر اختیاری ہے، اور یہ آپشن صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگا۔
اگر صارف لوکیشن شیئرنگ کو ان ایبل کرتا ہے تو ایپ اس کی ڈیوائس کی GPS لوکیشن استعمال کرکے متعلقہ مواد دکھائے گی تاہم، 18 سال سے کم عمر صارفین کا مواد اس فیڈ میں ظاہر نہیں ہوگا، اسی طرح اگر کسی کا اکاؤنٹ پرائیویٹ، فرینڈز اونلی، یا اونلی یو موڈ پر سیٹ ہو تو اس کی ویڈیوز بھی نیئر بائی فیڈ میں نظر نہیں آئیں گی۔
اگر کوئی صارف اپنے موجودہ شہر سے باہر کسی دوسرے علاقے کا مقامی مواد دیکھنا چاہے تو وہ لوکیشن نیم میں جا کر اپنی لوکیشن تبدیل کر سکتا ہے، یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک اس فیچر کو عالمی سطح پر کب تک متعارف کرائے گا، مگر توقع ہے کہ جلد ہی اسے اور زیادہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔