نیشنل گیمز: پاک آرمی کھیل کے میدان میں بھی چھا گئی، 48 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست

نیشنل گیمز: پاک آرمی کھیل کے میدان میں بھی چھا گئی، 48 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست

نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے 48 گولڈ میڈلز کے ساتھ قائدانہ پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ واپڈا 14 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور پاکستان نیوی 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

گیمز کے دوران جہاں سینیئر ایتھلیٹس شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں، وہیں سندھ کی صرف 9 سالہ کائنات ابراہیم نے 10 ہزار میٹر ریس میں برانز میڈل جیت کر ملک کی کم عمر ترین ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس پر گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز نے انہیں کھڑے ہو کر داد دی۔

ایتھلیٹکس ایونٹ میں 11 گولڈ میڈلز کا فیصلہ

ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رہا جہاں مجموعی طور پر 11 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا۔ مردوں کی 100 میٹر ریس میں واپڈا کے سمیع اللہ نے ’10.30 سیکنڈز‘ میں دوڑ مکمل کر کے ’پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ‘ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ آرمی کے عثمان علی سلور جبکہ آرمی ہی کے راشد ریاض برانز میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل گیمز : ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا

خواتین کی 100 میٹر ریس میں بھی واپڈا نے سبقت برقرار رکھی، جہاں فائقہ ریاض نے ’11.40 سیکنڈز‘ میں فنش لائن عبور کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ایچ ای سی کی خولہ عمر خان نے سلور اور آرمی کی تمین خان نے برانز میڈل جیتا۔

ارشد ندیم کا شاندار کم بیک

مردوں کی جیولن تھرو میں واپڈا کے ارشد ندیم نے ایک بار پھر اپنی صلاحیت منوا لی۔ انہوں نے ’81.81 میٹرز‘ کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جبکہ واپڈا ہی کے یاسر سلطان نے ’70.77 میٹرز‘ کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا۔ آرمی کے محمد ابرار نے برانز میڈل جیتا۔

دیگر مقابلوں کے نتائج

مردوں کی 5 ہزار میٹر ریس میں آرمی کے محمد اختر نے ’14 منٹ 36.41 سیکنڈز‘ میں ریس مکمل کر کے گولڈ میڈل جیتا۔ واپڈا کے عامر سہیل نے سلور جبکہ پی اے ایف کے محمد زوہیب نے برانز میڈل حاصل کیا۔

خواتین کے ہائی جمپ میں واپڈا کی نورین فاطمہ نے ’1.53 میٹرز‘ کی چھلانگ لگا کر گولڈ میڈل جیتا، ایچ ای سی کی امتل رحمان نے سلور جبکہ آرمی کی عروج ایوب نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

لانگ جمپ میں نیوی کے انصر عباس نے ’7.68 میٹرز‘ کی جمپ کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، واپڈا کے فراز خان سلور اور آرمی کے رضوان الدین برانز میڈل کے مستحق ٹھہرے۔

مزید پڑھیں:کراچی میں نیشنل گیمز کے مقابلے جاری، شوٹنگ میں پاکستان آرمی کی بالادستی برقرار

مردوں کی شاٹ پٹ میں آرمی کے جمشید علی نے ’16.95 میٹرز‘ کا شاندار تھرو کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، ساتھی کھلاڑی نوشیروان نے سلور جبکہ ایچ ای سی کے صاحبزادہ کاشف نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

ویمنز شاٹ پٹ میں آرمی کی نبیلہ کوثر نے ’12.48 میٹرز‘ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، ایچ ای سی کی خدیجہ ماہوین نے سلور جبکہ پنجاب کی مایمونہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی 10 ہزار میٹر ریس میں واپڈا کی ماریہ بی بی نے ’44 منٹ 21.40 سیکنڈز‘ میں ریس مکمل کر کے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ نیوی کی ممتاز نعمت نے سلور جبکہ سندھ کی کم عمر ایتھلیٹ کائنات نے برانز میڈل جیت کر سب کو حیران کر دیا۔

پول والٹ ویمنز میں آرمی کی نوریں حسین نے ’2.90 میٹرز‘ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، واپڈا کی عمارہ شاہین نے سلور جبکہ آرمی کی عظمیٰ شاہین نے برانز میڈل سمیٹا۔

مردوں کی 3 ہزار میٹر اسٹیپل چیس میں آرمی کے طلحہ سلیم نے ’9 منٹ 11.40 سیکنڈز‘ کے ساتھ گولڈ میڈل جیت لیا۔

فٹ بال مقابلوں میں آرمی، نیوی اور پی اے ایف آگے

مردوں کے فٹ بال مقابلوں میں بھی دلچسپ صورتحال سامنے آئی جہاں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچ گئی ہیں۔ سیمی فائنلز 10 دسمبر جبکہ فائنل 12 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *