سندھ ، پنجاب، کشمیر ، کے پی کے ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

سندھ ، پنجاب، کشمیر ، کے پی کے ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

محکمہ موسمیات نے مون سون سیزن 2026 کے لیے موسمیاتی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، درجہ حرارت اور ممکنہ خطرات سے متعلق تفصیلی الرٹ جاری کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، تاہم اس کے باوجود سیلاب اور اربن فلڈنگ کے خطرات بدستور موجود رہیں گے،محکمہ موسمیات کے مطابق کم بارشوں کے باوجود شدید بارشوں کے وقفے وقفے سے اسپیلز شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد افضال کے مطابق بارشوں میں کمی کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ سیلاب کا خطرہ ختم ہو گیا ہے، بلکہ مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشات برقرار رہیں گے،ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کی غیر متوازن تقسیم کے باعث بعض علاقوں میں پانی کی قلت جبکہ بعض علاقوں میں اچانک شدید بارشیں مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

پیشگوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول سے کم ہوں گی، تاہم کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ان علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے اور جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر شمالی پنجاب اور مغربی گلگت بلتستان میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے انسانی صحت اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی قلت اور زرعی شعبے پر منفی اثرات پڑنے کا امکان ہے، ماہرین کے مطابق فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے اور موسمی بیماریوں میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے دوران شدید بارشوں کے اسپیلز بڑے شہروں میں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔

editor

Related Articles