ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی

ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی

معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ندیم مبارک عرف نانی والا کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ٹک ٹاکر ندیم مبارک کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں ٹریفک وارڈن انسپکٹر محمد فاہد الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ندیم مبارک عرف نانی والا نے گاڑی روکنے کے بجائے ون وے پر بھگا دی۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد ابتدا میں ندیم مبارک کو ایک کمرے میں بٹھایا گیا، تاہم کچھ دیر بعد انہیں حوالات میں بند کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رات بھر ان سے ملاقات کے لیے کوئی شخص نہیں آیا۔

بعد ازاں عدالت نے ندیم نانی والا کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظور

اب سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ندیم مبارک کی گاڑی ڈیفنس کے علاقے میں موجود ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے ان کا پیچھا کر رہی ہے۔ ویڈیو کے مطابق ندیم مبارک اپنے گھر کے باہر جا کر رکتے ہیں، جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے۔

Related Articles